visitors

free counters

Thursday 26 May 2011

المورد کا تعارف

المورد ملت اسلامیہ کی عظیم علمی روایات کا امین ایک منفرد ادارہ ہے۔ پندرھویں صدی ہجری کی ابتدا میں یہ ادارہ اس احساس کی بنا پر قائم کیا گیا ہے کہ تفقہ فی الدین کا عمل ملت میں صحیح نہج پر قائم نہیں رہا۔ فرقہ وارانہ تعصبات اور سیاست کی حریفانہ کشمکش سے الگ رہ کر خالص قرآن و سنت کی بنیاد پر دین حق کی دعوت مسلمانوں کے لیے اجنبی ہو چکی ہے۔ قرآن مجید جو اس دین کی بنیاد ہے، محض حفظ و تلاوت کی چیز بن کر رہ گیا ہے۔ دینی مدرسوں میں وہ علوم مقصود بالذات بن گئے ہیں جو زیادہ سے زیادہ قرآن مجید تک پہنچنے کا وسیلہ ہو سکتے تھے۔ حدیث، قرآن و سنت میں اپنی اساسات سے بے تعلق کر دی گئی ہے اور سارا زور کسی خاص مکتب فکر کے اصول و فروغ اور دوسروں کے مقابلے میں اُن کی برتری ثابت کرنے پر ہے۔

المورد کے نام سے یہ ادارہ اس صورت حال کی اصلاح کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ چنانچہ اس ادارے کا بنیادی مقصد دین کے صحیح فکر کی تحقیق و نتقید، تمام ممکن ذرائع سے وسیع پیمانے پر اس کی نشر و اشاعت اور اس کے مطابق لوگوں کی تعلیم و تربیت کا اہتمام ہے۔

اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے جو طریق کار اختیار کیا گیا ہے، اُس کے اہم نکات یہ ہیں:
۱۔ دین کے صحیح الفکر علماء اور محققین کو ادارے سے متعلق کیا جائے اور انھیں ادارے کی طرف سے یا خود اُن کی تجویز پر علمی اور تحقیقی منصوبے تفویض کیے جائیں۔
۲۔ دور حاضر میں ابلاغ کے جو غیر معمولی ذرائع پیدا ہو چکے ہیں، انھیں کام میں لا کر دین کے صحیح فکر کی تعلیم دی جائے اور اسے پوری دنیا میں عام کیا جائے۔
۳۔ قرآن مجید کی اساس پر انذار عام اور تطہیر فکر و عمل کی ایک ایسی تحریک برپا کی جائے جو قوم کے ذہین عناصر کو اس دعوت سے متعلق کرنے کی جد و جہد کرے۔
۴۔ لوگوں کو آمادہ کیا جائے کہ جہاں جہاں ممکن ہے:
ا۔ اسلامی علوم کی ایسی درس گاہیں قائم کریں جن کا مقصد دین کے صحیح الفکر علماء اور محققین تیار کرنا ہو۔
ب۔ ایف اے، ایف ایس سی اور اے لیول تک نہایت اعلیٰ معیار کے اسکول قائم کریں جن میں تعلیم و تعلم کے ساتھ طالب علموں کی تخلیقی صلاحیتوں کی نشو و نما اور ان کی دینی اور تہذیبی تربیت بھی پیش نظر ہو۔
ج۔ عام اسکولوں کے طلبہ کی دینی تعلیم کے لیے ایسے ہفتہ وار مدارس قائم کریں جن میں قرآن کی دعوت خود قرآن ہی کے ذریعے سے طالب علموں کے ذہن میں اس طرح راسخ کر دی جائے کہ بعد کے زمانوں میں وہ پورے شرح صدر کے ساتھ اپنے دین پر قائم رہ سکیں۔
د۔ ایسی خانقاہیں قائم کریں جہاں لوگ وقتاً فوقتاً اپنے دنیوی معمولات کو چھوڑ کر آئیں، علماء و صالحین کی صحبت سے مستفید ہوں، ان سے دین سیکھیں اور چند روز کے لیے یک سوئی کے ساتھ ذکر و عبادت میں مشغول رہ کر اپنے لیے پاکیزگی قلب و نظر کا اہتمام کریں۔

المورد کا نظم اس کے ارکان کی منتخب کردہ مجلس منتظمہ (Board of Governors) کے سپرد ہے۔ ادارے کا نظام جمہوری اصولوں پر قائم ہے۔ صدر ادارہ کی حیثیت اس کے علمی اور فکری رہنما کی ہے اور نتظامی امور سیکرٹری جنرل انجام دیتا ہے۔

المورد سوسائٹی ایکٹ (۱۸۶۰) کے تحت ایک غیر حکومتی اور غیر کاروباری ادارے (Non-Profit NGO) کی حیثیت سے رجسٹرڈ ہے۔ اسے دی جانے والی اعانت انکم ٹیکس سے مستثنیٰ ہے اور یہ اُن سب لوگوں سے جو اس کے مقاصد سے متفق ہیں، تعاون کی توقع رکھتا ہے۔

ویب سائٹ:
http://al-mawrid.org/
http://ww.tv-almawrid.org/
ای میل:
info@al-mawrid.org
almawrid@brain.net.pk

No comments:

Post a Comment